سابق بھارتی کرکٹر اور کوچ سنجے بانگر کے بیٹے آریان جو اب عنایہ بانگر ہیں انہوں نے جنس تبدیل کرانے کے بعد اس سال پہلی بار بطور بہن رکشا بندھن کا تہوار منایا اور راکھی باندھی۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق 24 سالہ عنایہ اور ان کے چھوٹے بھائی اتھاروا نے پہلی بار ایسا رکشا بندھن منایا کہ عنایہ نے اتھاروا کو راکھی باندھی۔
اس حوالے سے ٹائمز آف انڈیا کے رپورٹر سے بات کرتے ہوئے عنایہ بانگر نے کہا کہ وہ جذباتی ہیں کیونکہ انہوں نے زندگی میں کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ بہن کے طور پر کبھی یہ تہوار مناسکیں گی۔
اتھاروا کا کہنا تھا کہ جب عنایہ نے اپنی جنس تبدیل کروائی، تب ہی سے میں سوچ رہا تھا کہ رکشا بندھن پر کیا ہوگا لیکن آخر کار یہ تہوار آگیا اور اس نے مجھے راکھی باندھی۔
واضح رہے کہ پیدائشی طو ر پر لڑکا پیدا ہونے والے آریان نے 2023 میں ہارمون ریپلیسمنٹ تھراپی (HRT) شروع کی اور پھر انہوں نے ایک ٹرانس جینڈر لڑکی کے طور پر اپنی نئی شناخت حاصل کی جس کے بعد وہ سوشل میڈیا پر کافی عرصہ ٹرینڈ کرتے رہے۔
عنایہ نے اپنے اس پیچیدہ اور جذباتی سفر کی کہانی سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی۔