آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سپر ایٹ مرحلےکےگروپ ون کے میچ میں جنوبی افریقا نے بھارت کو 76 رنز سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کی مسلسل فتوحات پر بریک لگا دیا۔
بھارت کے شہر احمد آباد میں کھیلےگئے میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
جنوبی افریقا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 187 رنز بنائے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ڈیوڈ ملر نے 63، ڈیوالڈ بریسویس نے 45 اور اسٹبس نے 44 رنز اسکور کیے۔
بھارت کی جانب سے جسپریت بھمراہ نے تین اور ارشدیپ سنگھ نے2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی بیٹنگ لائن بری طرح فلاپ ہوگئی اور اس کی وکٹیں پتوں کی طرح بکھرتی چلی گئیں۔
بھارتی بیٹر دوبے نے سب سے زیادہ 42 رنز بنائے، ہاردک پانڈیا اور سوریا کماریادیو نے 18 ،18 رنزبنائے۔
ان کے علاوہ کوئی بھی بھارتی بلے باز قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا اور پوری ٹیم 19 ویں اوور میں 111 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
جنوبی افریقا کی جانب سے مارکو ینسن نے4،کیشو مہاراج نے 3 اور کاربن بوش نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
خیال رہےکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارتی ٹیم کو مسلسل 12 کامیابیوں کے بعد یہ پہلی شکست ہوئی ہے۔ دفاعی چیمپئن بھارت کی ٹیم 2024 کے ورلڈکپ کے تمام میچز سے لے کر اب تک ناقابل شکست تھی۔ اس سے قبل آخری بار 2022 کے ورلڈکپ سیمی فائنل میں اسے انگلینڈ نے 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
اس کے علاوہ یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں رنز کے اعتبار سے بھارت کی سب سے بڑی شکست ہے،2010 کے ورلڈکپ میں اسے آسٹریلیا کے ہاتھوں 49 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں مجموعی طور پر یہ بھارت کی دوسری بڑی شکست ہے، 2019 میں نیوزی لینڈ کے خلاف بھارتی ٹیم کو 80 رنز سے شکست ہوئی تھی۔
